پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے۔
وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں اسکول بند کر رہے ہیں، فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے ہیں، بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کے لیے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا۔
صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیشِ نظر متبادل حکمتِ عملی جلد لا رہے ہیں، عوام بھی شعور کا مظاہرہ کریں، اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں۔
ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر
دوسری جانب اسموگ کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
سی ای او ریلوے عامر بلوچ نے کہا ہے کہ خراب موسم کے باوجود ٹرین آپریشن جاری ہے، پاکستان ریلویز نے کوئی ٹرین منسوخ نہیں کی۔