جدید ٹیکنالوجی ہماری زندگی کو آسان بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے، جیسے گوگل میپس کے ذریعے آپ دنیا بھی دیکھ سکتے ہیں۔مگر کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ کئی ماہ سے گمشدہ ایک شخص کو گوگل میپس کی مدد سے تلاش کرلیا جائے؟مگر ایسا ممکن ہوا اور گوگل میپس کی ایک اسٹریٹ ویو تصویر نے پولیس کو اسپین میں گمشدگی اور قتل کے ایک کیس کو حل کرنے میں مدد فراہم کی۔خیال رہے کہ گوگل میپس میں صارفین کو دنیا بھر کی گلیوں کی تصاویر دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور یہ تصاویر کیمروں سے لیس گاڑیوں سے کھینچی جاتی ہیں۔
شمالی اسپین کے صوبے سوریا کے ایک قصبے میں گوگل کی گاڑی نے اس لمحے کی تصاویر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا تھا جب مقتول کی لاش کو گاڑی میں ڈال کر کہیں اور منتقل کیا جا رہا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 15 سال میں پہلی بار گوگل کی گاڑی اس قصبے میں داخل ہوئی اور اس نے پولیس کو ایک معمہ حل کرنے میں مدد فراہم کی۔مقتول 33 سالہ کیوبن نژاد شہری تھا جو اکتوبر 2023 میں پراسرار طور پر غائب ہوگیا تھا۔